تونسہ شریف میں بجلی کے بلوں کے خلاف شہریوں کا شدید احتجاج

تونسہ شریف  میں بجلی کے بلوں کے خلاف شہریوں کا شدید احتجاج

 

تونسہ شریف  میں بجلی کے بلوں کے خلاف شہریوں کا شدید احتجاج

 

تونسہ شریف میں بجلی کے بلوں کے خلاف  شہری سڑکوں پر نکل آئے اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ حکومت اور میپکو کے اعلیٰ حکام کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔  احتجاج میں انجمن تاجران تونسہ شریف، عام آدمی تحریک ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن تونسہ شریف، جماعت اسلامی تونسہ شریف ، دیگر سیاسی پارٹیوں کے عہدیداران و کارکنان اور عام شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

 

احتجاج کے شرکاء سے کسان اتحاد کے حافظ محمد حسین، رسول بخش شاہوانی،  عام آدمی تحریک کی محترمہ راشدہ فرحان بھٹہ، انجمن تاجران تونسہ شریف کے نائب صدر محمد گل شیر، ذوالفقار بلوچ، عزیز خان ناصر،  جماعت اسلامی تونسہ کے رہنما اور تاجر رہنما معین خان موسیٰ خیل، سینئر صحافی سہیل شہزاد گاڈی، سعید احمدخان اینٹ سپلائرز یونین، صدر انجمن تاجران تونسہ شریف مشتاق احمد بھٹہ، شاہین خان لغاری ایڈووکیٹ، طارق محمود لعلوانی ایڈووکیٹ،  شہزاد خان کھوسہ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن تونسہ شریف مظہر ظہور تنگوانی ایڈووکیٹ، نعیم اللہ عاربی و دیگر نے خطاب کیا۔

 

اپنے خطاب میں مقررین نے عام عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ عوام روٹی کے دو نوالوں کو ترس ہیں اور حکومت عوام کا خون نچوڑوں پر اتر آئی ہے۔ نگران حکومت کو جس کام کیلئے لایا گیا ہے وہ اپنا کام کرنے کی بجائے غریب عوام کی کھال اتارنے میں لگی ہوئی ہے۔ مہنگائی ایک بار پھر بے لگام ہو گئی ہے۔ روپیہ بے توقیر، پٹرولیم مصنوعات بے لگام اور مہنگائی چھتر لگانے پر اتر آئی ہے۔ ان سب سے زیادہ ظالمانہ عمل بجلی کے بلوں میں ہوش ربا اضافہ ہے ۔ لہذا حکومت اور اعلیٰ حکام اپنی عیاشیاں ختم کر کے غریب عوام کو ریلیف دیں۔ اگر وہ غریب لوگوں کو ریلیف دینے میں ناکام رہے تو یہ احتجاج ان کے محلوں تک بھی پہنچ سکتا ہے۔    

 

آج کے احتجاج کیلئے عام آدمی آدمی تحریک، انجمن تاجران تونسہ شریف اور ڈسٹرکٹ بار تونسہ شریف کی جانب سے کال کی گئی تھی۔عام آدمی تحریک کے چیئرمین فرحان ملک ایڈووکیٹ کی جانب اعلان کیا گیا تھا۔ اپنے پیغام میں فرحان ملک ایڈووکیٹ نے کہا تھا کہ بجلی کے بلوں کے خلاف احتجاج میں عوام شریک ہو کر اپنے حق کیلئے آواز بلند کریں۔ ڈسٹرکٹ بار تونسہ شریف کی جانب سے صدر ڈسٹرکٹ بار مظہر ظہور احمد خان تنگوانی ایڈووکیٹ، محمد حماد اعظم ملغانی ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار تونسہ شریف اور تمام باڈی ڈسٹرکٹ بار تونسہ کی جانب سے اپنے پیغام میں کہا گیا تھا کہ بار ایسوسی ایشن تونسہ شریف بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کے خلاف ڈسٹرکٹ بار کلمہ چوک میں احتجاج ریکارڈ کرانے جا رہی ہے جس میں ممبران بار سے شرکت کی اپیل کی جاتی ہے ، ممبران بار تونسہ اس کار خیر میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔ اسی طرح انجمن تاجران تونسہ کا ایک نمائندہ اجلاس ہوا جس میں انجمن تاجران تونسہ کےعہدیدارن اور ارکان نے شرکت کی تھی جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ آج بروز ہفتہ انجمن تاجران تونسہ شریف بجلی کے بلوں کے خلاف کلمہ چوک تونسہ شریف پر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ جبکہ 10 بجے سے 11 بجے تک علامتی طور پر شٹرڈاؤن ہڑتال بھی ہو گی۔

 

اس سے پہلے گذشتہ روز بھی بجلی کے بلوں کے خلاف تونسہ شریف کے کلمہ چوک میں احتجاج کیا گیا۔ کلمہ چوک تونسہ شریف ہونے والے اس احتجاج میں انجمن تاجران تونسہ کے عہدیداران اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی تھی۔

 

یہ بھی پڑھیں:

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ یا منصفانہ...  تحریر: فاروق شہزاد ملکانی

تونسہ میں کام اور مرمت کے نام پر 5،5 گھنٹے بجلی کی بندش ایک ظالمانہ اقدام ہے

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے