پاکستان میں پہلی بار CE کیٹگری لائسنس کااجرا کردیا گیا

پاکستان میں پہلی بار CE  کیٹگری  لائسنس کااجرا کردیا گیا


اسلام آباد (  اردو ورلڈ مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان میں  موٹروے پولیس کی طرف سے پہلی دفعہ  عوام الناس کیلئے سی ای (CE)کیٹگری کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کی تقریب منعقد ہوئی۔  سی ای  (CE) کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کے حامل ڈرائیورز ٹریلر چلانے کے بھی  اہل ہوں گے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق  نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے سی ای  (CE)کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کے  اجراء کا   افتتاح کیا۔ سیکرٹری مواصلات خرم آغا، آئی جی سلطان علی خواجہ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی آئی جی صاحبان اور دیگر سینئر افسران نے تقریب میں  شرکت کی۔  

 

وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ  وہ عوام الناس کیلئے سی ای (CE)کیٹگری کے لائسنس کے اجراء پر  آئی جی کو مبارکباد دیتے ہیں۔  موٹروے پولیس کی طرف سے سی ای (CE)کیٹگری کے لائسنس کا آغاز قابل ستائش ہے۔  مشرق وسطی، کینیڈا اور یورپ میں سی ای  (CE)کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کی وجہ سے روزگار کے بہترین مواقع میسر ہوں گے۔ کم سے کم وقت میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ  سی ای (CE)کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں۔  اس لائسنس کے حامل افراد کے بیرونی ممالک روزگار سے پاکستان میں زرمبادلہ میں مزید اضافہ ہو گا۔

 

نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے مزید کہا کہ  عوام الناس کے لئے HTVڈرائیونگ لائسنس میں اس کیٹگری کا شامل ہونا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔  موٹروے پولیس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اورآپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ موٹر وے پولیس کی تنخواہ میں اضافے کے لئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔ موٹروے پولیس نے اپنی بہترین حکمت عملی کے ذریعے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لانے میں بہترین کردار ادا کیا  ہے۔ ابتدائی طور پراس کیٹگری کے ڈرائیونگ لائسنس کا آغاز HTVٹیسٹ سینٹر سنگجانی، اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے۔  شاہراہوں کو محفوظ بنانے کی جد وجہد میں (CE)کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس معاون ثابت ہو گا۔

 

آئی جی سلطان علی خواجہ  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال تک تین سے پانچ ہزار افراد کو (CE)کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس اجرا ء کرنا موٹروے پولیس کا ہدف ہے۔ اس ڈرائیونگ لائسنس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر یکساں اہمیت حاصل ہو گی۔ شفاف اور سخت امتحانی عمل کے بعد ہی(CE) کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ممکن ہو گا۔  موٹروے پولیس کی طرف سے جاری کردہ لائسنس کی وجہ سے ڈرائیورز پورے اعتما د کے ساتھ ڈرائیونگ کررہے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیں:

میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے تونسہ سے قافلہ تیار ہے ۔ مالک اشتر کلاچی

چشمہ کینال پھر ٹوٹ گئی، کیا سرکاری اداروں کے سربراہان نے کالی عینکیں پہن رکھی ہیں؟  

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے